Breaking News

دس عادتیں جو آپ کی زندگی کو خوشیوں سے بھر سکتی ہیں


ایسی بہت سی چیزیں ہیں جن کو اگر اپنایا جائے تو انسان کی روٹھی ہوئی خوشیاں اسے واپس مل سکتی ہیں۔
خوشیوں بھری زندگی کون نہیں گزارنا چاہتا تاہم اکثر لوگوں کو ایسی زندگی ایک خواب و خیال ہی لگتی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ انہیں ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ اب کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی۔ یہ سوچ مایوسی کو ظاہر کرتی ہے اور انسان کو کبھی بھی مایوسی کی طرف نہیں جانا چاہیے۔
ورزش کرنا

ورزش کے بہت سے فوائد ہیں اور ہم سب ان فوائد کو جانتے ہیں لیکن پھر بھی ہماری اکثریت ورزش نہیں کرتی جو یہ بالکل غلط ہے۔ ورزش کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں۔ ہفتے میں پانچ دن ورزش کرنے سے انسان کے جسم اور دماغ پر بہت مثبت اثرات پڑتے ہیں۔ امریکن کالج آف سپورٹس میڈیسن نے ایسی عورتوں پر ایک تحقیق کی جو کافی پریشان رہتی تھیں۔ اس تحقیق کے نتیجے میں انہیں معلوم ہوا کہ جن عورتوں نے ہفتے مں چھ دن سائیکل چلائی، ان کی پریشان اور چڑچڑے پن میں واضح کمی ہوئی۔
مکمل نیند لینا

اپنی زندگی میں مزید خوشیاں گھولنے کے لئے لازم ہے کہ آپ ایک مکمل نیند لیں۔ یونیورسٹی آف پینسیلوینیا کی ایک ریسرچ کے مطابق جو لوگ پانچ گھنٹے سے کم کی نیند لیتے ہیں ان میں پریشانی، غصہ اور اداسی کے جذبات زیادہ پائے جاتے ہیں۔ ان کی برعکس جو لوگ پانچ گھنٹے سے زیادہ نیند لیتے ہیں ان کا مزاج خوشگوار ہوتا ہے۔
ایسے کام کرنا جن سے خود کو خوشی ملے

ایک خوشگوار زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ ایسے کام کریں جن سے آپ کو خوشی ملتی ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ دوسروں کی مرضی کے مطابق اپنی زندگی جی رہے ہوتے ہیں۔ ہم کیا پڑھنا چاہتے ہیں؟ یہ تک ہمیں دوسرے لوگ بتاتے ہیں۔ ہر وقت دوسروں کی خوشی کا خیال رکھنا اور اپنی خوشی کو بھلا دینا بھی ہماری زندگی کو اداس بنا دیتا ہے۔ اس لئے اپنے آپ کو ان سرگرمیوں میں مشغول رکھیں جن سے آپ کو خوشی ملتی ہے۔
سیاحت کرنا

کہتے ہیں کہ سیاحت سب سے بہترین استاد ہے۔ جب آپ کسی بھی علاقے کی طرف سیاحت کے مقصد سے جاتے ہیں تو اس کا آپ کی ذات پر بہت مثبت اثرات پڑتا ہے۔ انسان نئے نئے لوگوں سے ملتا ہے، ان کے تجربات سنتا ہے، ایک نیا ماحول دیکھتا ہے اور ایک نئی ثقافت میں کچھ دن رہتا ہے۔ یہ سب چیزیں اس کے اندر چھائی ہوئی بیزاری کو دور کر دیتی ہیں اور وہ زندگی کو بھرپور طریقے سے محسوس کر پاتا ہے۔
دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ وقت گزارنا

زندگی کی خوشیوں کے لئے دوستوں اور رشتہ داروں سے ملنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا کے سانس لینا۔ ہفتے کا ایک دن اپنے دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کے لئے مختص کریں۔ اس دن ان سے ملیں، باتیں کریں اور کھانا کھائیں۔ سب سے کٹ کر رہنا انسان کو تنہا کر دیتا ہے اور تنہائی کے انسانی صحت پر بہت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ہنسنا

ہنسنا انسان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔ یونیورسٹی آف میریلینڈ میڈیکل سینٹر کی ایک تحقیق کے مطابق ایسے لوگ جو زیادہ ہنستے اور خوش رہتے ہیں، وہ دل کی بیماریوں میں کم مبتلا ہوتے ہیں۔ سائنس کی دنیا میں بھی لافٹر تھیراپی نامی علاج سے لوگوں کے ڈپریشن کو دور کیا جاتا ہے۔ ہنسنے کے لئے کسی بڑے موقع کی تلاش نہ کریں بلکہ زندگی کی چھوٹٰی چھوٹی خوشیوں سے لطف اٹھائیں۔
شکر گزار ہونا

زندگی کی پریشانیوں میں کھو کر اس کی چھوٹی چھوٹٰی باتوں کو نظر انداز نہ کریں۔ ان سب نعمتوں کے لئے اللہ کا شکر ادا کریں۔ دوسروں سے شکایت کرنے کی بجائے ان کا شکریہ ادا کریں۔ کوئی آپ کو پانی کا گلاس دے تو اسے شکریہ کہیں، کوئی آپ کے لئے دروازہ کھولے اسے شکریہ کہیں۔ یہی چھوٹے چھوٹے شکر گزار لمحے انسان کے دل کو سکون بخشتے ہیں اور وہ ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے۔
دوسروں کی مدد کرنا

ایک چینی کہاوت ہے کہ اگر آپ ایک گھنٹے کے لئے خوش ہونا چاہتے ہیں تو تھوڑی دیر سو جائیں، اگر آپ ایک دن کے لئے خوش ہونا چاہتے ہیں تو مچھلیاں پکڑنے چلے جائیں، اگر آپ ایک سال کے لئے خوش ہونا چاہتے ہیں تو وراثت میں قسمت حاصل کریں اور اگر آپ پوری زندگی خوش رہنا چاہتے ہیں تو دوسروں کی مدد کریں۔ اس لئے جہاں تک ہو سکے دوسروں کی مدد کو اپنی عادت بنائیں۔ دوسروں کی مدد کرنے سے انسان کو جو سکون ملتا ہے وہ کسی اور چیز سے نہیں ملتا۔
امید کا دامن تھامے رکھنا

ڈاکٹر شین لوپز گیلپ کے سینئر سائنسدان تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی امید پر ریسرچ کرنے میں صرف کر دی۔ اپنی ایک تحقیق میں انہوں نے ثابت کیا کہ خوش رہنے والے لوگوں کا اپنی زندگی کا ایک واضح مقصد ہوتا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے وہ خوب محنت کرتے ہیں اور یہی محنت اور امید انہیں خوش رکھتی ہے۔ اس لئے آپ بھی ہمیشہ امید کا دامن تھامے رکھیں۔
دل کو صاف رکھنا

دوسروں کے خلاف اپنے دل میں کینہ اور بغض نہ رکھیں۔ اگر کسی سے کوئی شکایت ہو تو اس سے بات کر کے اس کا حل نکالیں۔ جو لوگ اپنے دل میں دوسروں کے خلاف باتیں جمع کر کے رکھتے ہیں وہ ہمیشہ پریشان ہی رہتے ہیں تاہم وہ لوگ جو ایسی باتیں اپنے دل میں نہیں پالتے وہ ایک خوش و خرم زندگی گزارتے ہیں۔

http://ift.tt/2i9zEOK


from Siasat.pk Forums http://ift.tt/2gDqV3V

No comments